7 ستمبر 2017 - 16:31
مجلس وحدت مسلمین کا جمعہ کے روز روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے کرنے کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کے اعلان پر جمعہ کے روزاسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، کراچی، ملتان، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں روہنگیا مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کے اعلان پر جمعہ کے روزاسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، کراچی، ملتان، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں روہنگیا مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔میانمار میں مسلم کشی کے انسانیت سوز واقعات منظر عام پر آنے کے بعد ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کی طرف سے ’’تحریک حمایت مظلومین‘‘ کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مقصد روہنگیا میں مسلم نسل کشی کے واقعات کو روکنے کے لیے عالمی مقتدر اداروں تک اپنی آواز پہچانا ہے۔اس سلسلے میں مرکزی احتجاجی ریلی بعد ازنماز جمعہ امام بارگاہ اثنا عشری G-6/2 سے نکالی جائے گی۔ جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما کریں گے۔ریلی میں مذہبی،سیاسی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات و کارکنان بھی شریک ہوں گے۔ریلی چائنا چوک پر اختتام پذیر ہو گی جہاں سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا ایک وفد اقوام متحدہ کے دفتر جا کر میانمار میں ہونے والے مظالم کے خلاف ایک احتجاجی قرار دار پیش کر ے گا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت اسلام کی بنیادی تعلیمات کا حصہ اور ہمارا تنظیمی منشور ہے۔روہنگیا،کشمیر، یمن اور فلسطین سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا سامنا ہے ۔یہود و نصاری مسلمانوں کی تباہ حالی کا تماشا دیکھنے میں محو ہیں۔عالم اسلام کی تنزلی ان استعماری قوتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہیں جسے اپنے آلہ کاروں کے ذریعے تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھا یا جا رہا ہے۔روہنگیا میں مسلمان بچوں، خواتین اور نوجوانوں پر ہونے والے روح فرسا واقعات سے آگہی کے باوجود اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی متعصبانہ فعل ہے جس پر ان کے ضمیر کو جھنجھوڑا جا نا چاہیے۔انہوں نے کہاعالمی امن مذاہب کے باہمی احترام سے مشروط ہے۔مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کیے بغیر پُرامن دنیا کا خواب دیکھنا احمقانہ اقدام ہے۔روہنگیا میں حکومتی سرپرستی میں ہونے والی بربریت نے امت مسلمہ کے دل زخمی کیے ہیں۔اگر مظالم کا یہ سلسلہ نہ رکا تو پھر پوری دنیا میں احتجاج کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ روہنگیا کے مسلمانوں کے لیے تحریک کا آغاز کر دیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ملک گیراحتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور برمی سفارت خانے سمیت مختلف عالمی اداروں کو احتجاجی مراسلے بھیجے جائیں گے۔ تحریک کے آخری مرحلے میں یورپی ممالک سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں میانمار سفارت خانوں کے سامنے مجلس وحدت مسلمین احتجاج کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲